ڈی جی خان؛پولیس کی کارروائی ،ہنڈی کا غیر قانونی کام کرنیوالے ملزمان گرفتار،4 کروڑ94 لاکھ روپے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

16

ڈیرہ غازی خان،20 اکتوبر( اے پی پی ): پولیس نے کارروائی کے دوران ہنڈی کا غیر قانونی کام کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے 4 کروڑ 94 لاکھ روپے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

 ایس ایچ او تھانہ صدر محمد یونس نے بتایا کہ تھانہ صدر پولیس نے اے ایس پی سرکل سٹی رحمت اللہ کی سپرویژن میں کارروائی کرتے ہوئے تونسہ بائی پاس پر ہنڈی کی رقم 4 کروڑ 94 لاکھ روپے کی سمگلنگ ناکام بنا دی۔ ایک مشکوک کار نمبری BRV/422 کرولا جو ملتان روڈ سے تونسہ بائی پاس آ رہی تھی۔

اسے روک کر کار میں موجود اشخاص کی تلاشی لی تو ان سے نقد رقم تقریباً 4 کروڑ 94 لاکھ روپے برآمد کر لی۔

 ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ ملزمان یہ ہنڈی کی رقم شاہ صدر دین ڈیرہ غازیخان سمگل کر رہے تھے۔پولیس نے ملزمان زاہد علی،طارق مسعود کو گرفتار کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔اس حوالے سے ڈی پی او احمد محی الدین نے کہا کہ اتنی زیادہ رقم کا پکڑا جانا ڈیرہ غازیخان پولیس کی بہت بڑی کاروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب لاہور کی خصوصی ہدایت پر داخلی و خارجی راستوں پر ہر قسم کی وہیکل کی چیکنگ جاری ہے جرائم پیشہ عناصر اور سمگلروں کے لئے گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نقد رقم سرکاری خزانہ جمع کرائی جائے گی۔