لاہور،24اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے کوریا کے سفیر پارک کیجون نے منگل کو یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات میں تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے سمیت دیگر امور پرتفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران فلسطین کی مجموعی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔
گورنرمحمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ فلسطین غزہ میں بچوں،عورتوں اور معصوم شہریوں پر اسرائیل کی بمباری انسانیت کے خلاف جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا فلسطینیوں پر جاری مظالم کے خلاف آواز اٹھائے اور اسے روکنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورین حکومت اور کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں پچھلے سال سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بے حدشکر گزار ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان، اقتصادی، ٹیکنالوجی، دفاعی، ثقافتی تعاون اور عوام کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام دوستوں اور شراکت داروں کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں کوریا کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ کوریا کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کو سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل(SIFC) کے تحت سرمایہ کاری کی سہولیات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورین سیاحوں کو بدھسٹ سائٹس، تاریخی اور خوبصورت سیاحتی مقامات پر خوش آمدید کہتے ہیں۔











