ملتان؛ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر کا نشتر ہسپتال کا دورہ،ترقیاتی کام کا جائزہ لیا

13

ملتان، 25اکتوبر(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے  1 ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت سےنشتر ہسپتال میں جاری وارڈز کی اپ گریڈیشن، ری ویمپنگ  اور تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لینے کے لئے ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں جاری ترقیاتی کام کا جائزہ لیا اور ایک گھنٹے تک مختلف وارڈز کا  دورہ  کرتے رہے۔انہوں نے ہر وارڈز کی مشینری اور سٹور کا بھی معائنہ کیا اور میڈیکل آلات اور انفراسٹرکچر بارے تفصیلات معلوم کیں۔

 کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے مختلف وارڈز  میں زیرعلاج مریضوں کی بھی عیادت کی اور ان کے لواحقین سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے استفسار کیا۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب افضل ناصر خان بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف اور ایم ایس ڈاکٹر امجد راو نے اس موقع پر کیپٹن(ر) ثاقب ظفر کو بریفنگ دی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام  ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نشتر ہسپتال کےوارڈزکی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔انہوں بتایا کہ نشتر ہسپتال اس خطے کا بڑا ہسپتال ہے جہاں سے جنوبی پنجاب سے ملحقہ دیگر صوبوں کے اضلاع کی عوام بھی علاج معالجہ کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نشتر ہسپتال کے وارڈز کی اپ گریڈیشن میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔

کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام کو مانیٹر کریں اور تعمیراتی کام کے معیار کو خود چیک کریں۔انہوں نے واضح کیاکہ منصوبے کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے ہدایت کی وارڈز میں موجود مشینری اور سامان کو محفوظ بنایا جائے اور ہر وارڈز کی مشینری اور سامان کی انوینٹری تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وارڈز میں جاری ترقیاتی کام سے مریضوں کے علاج معالجہ میں خلل نہیں آنا چاہیے جس کے لئے ڈویلپمنٹ  بارے مکمل منیجمنٹ کی جائے۔