ڈیرہ غازی خان،26 اکتوبر( اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے سروس ڈیلیوری کے معیارمیں بہتری، شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان احمد محی الدین کے ہمراہ ڈی جی خان کے تھانہ سول کا اچانک دورہ کیا ۔
آر پی او نے وزٹ کے دوران تھانہ کے آن لائن و مینول ریکارڈ کی تکمیل ، فرنٹ ڈیسک، حوالات، بیرکس، مال خانہ اسلحہ خانہ، مقدمات کی تفتیش، سکیورٹی اقدامات، واش رومز، پانی و بجلی کا انتظام، ملازمان کی رہائش اور تھانہ کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر آر پی او نے تھانہ کی عمارت اور اسلحہ ایمونیشن کی صفائی کی مخدوش صورتحال اور ریکارڈ کی عدم تکمیل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محرر اور ایس ایچ کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے فرنٹ ڈیسک کی ایس او پی پر عملدرآمد، تھانہ میں پینڈنگ درخواستوں اور ریسکیو 15 کی کالز پر کی گئی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن نے کہا کہ وہ ریجن کے تمام تھانہ جات کے سرپرائز وزٹ کریں گے۔عوامی شکایت کا ازالہ نہ کرنے اورفرائض میں غفلت کے مرتکب افسران کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔











