ساہیوال،26اکتوبر(اے پی پی ):کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ محکمہ مال میں اراضی ریکارڈ کے مشترکہ کھاتوں کی تقسیم کا منصوبہ بے جا مقدمہ بازی اور لڑائی جھگڑے روکنے کا ایک انقلابی منصوبہ ہے جس پر عملدر آمد سے ہر مالک کا کھیوٹ نمبر الگ ہو گا اور وہ اپنے ملکیتی زمین کا اکیلا مالک ہو گا،“ویلے تے ونڈ ،وٹاں دی سانجھ”کے نعرے پر عملدرآمد ہونے سے نہ صرف ریونیو ریکارڈ کی درستگی ہوگی بلکہ اس سے کورٹ کیسز میں بھی بڑی حد تک کمی واقعہ ہو گی۔
انہوں نے یہ بات اراضی ریکارڈ کے کمپیوٹرائزڈ نقشہ جات کے منصوبے کے تحت منعقدہ ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ حکومت کا واحد مقصد عوام کی زندگیوں میں آسانی لانا ہے اور اس پراجیکٹ کا بنیادی مقصدبھی عوام کے درمیان جائیداد کے تنازعات کو کم کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی میں محکمہ ریونیو کے فیلڈ سٹاف کا کلیدی کردار ہے جنہیں اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی اور خدمت خلق کے جذبے سے سر انجام دینی چاہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کپیٹن (ر) اکرام الحق نے حکومت کی طرف سے تفویض کردہ مختلف ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے ادا کرنے پر محکمہ ریونیو کے فیلڈ سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ای رجسٹریشن کے عمل کو کامیاب بنانے میں تحصیلدار ساہیوال محمد رفیق کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے ضلع ساہیوال میں جاری پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دو ماہ میں 30ہزار ڈیجیٹل ونڈے کئے گئے ہیں جو عام آدمی کے لئے ایک بڑا ریلیف ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 3دیہات میں یہ منصوبہ خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا چکا ہے اور یکم نومبر سے ضلع کے 150 مزید موضعات میں اس کا آغاز کیا جائے گا جسے دو ماہ میں مکمل کر نے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع ساہیوال میں تقسیم کا یہ پورا منصوبہ جون 2024تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس سے پہلے بورڈ آف ریونیو کے جی آئی ایس سپیشلسٹ رانا سہیل اسلم نے منصوبے کی جزیات بارے تفصیلی بریفنگ دی اور فیلڈ ورک کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو دور کرنے کے لئے شرکاءکے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔
ورکشاپ میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو )اعتزاز اسلم مارتھ، (فنانس) یاسر فرید اور (جنرل) سید عثمان بخاری، انوائرمنٹ سپیشلسٹ بورڈ آف ریونیو (پلس پراجیکٹ)حافظ عبدالغفور،سوشل سیف گارڈ سپیشلسٹ ملک وسیم ،جی آئی ایس سپیشلسٹ رانا سہیل اسلم اور لیگل سپیشلسٹ عبداللہ اقبال ،اسسٹنٹ کمشنرز محمد عظمان چوہدری اور مہتاب احمد خان، جنرل اسسٹنٹ (ریونیو) رانا اعجاز احمد ،تحصیلدار محمد رفیق اور ایس این اے خرم سلیم سمیت ضلع بھر کے ریونیو افسران ،قانگو اور پٹواریوں کے کثیر تعداد نے شرکت کی ۔











