نواب شاہ؛ یوم سیاہ پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

22

نواب شاہ ، 27 اکتوبر(اے پی پی): ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔

اس سلسلے میں ڈویژنل و  ضلع انتظامیہ شہید بینظیرآباد کی جانب سے کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر اور ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند  کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفیس سے مین گیٹ تک  ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں بینر و پلے کارڈ تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، بھارت مردہ آباد کے نعرے درج تھے۔

ریلی کے اختتام پر  ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر، ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد سلیم بھٹی اور دیگرنے کہا  کہ 27 اکتوبر1947 انسانی تاریخ میں ایک سیاہ دن ہے جس دن بھارت کی جانب  سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی داستان رقم کی گئی،ہم کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور انکے حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ انشاء اللہ ان کی جدوجہدضرور کامیاب ہو گی اوروہ امن اور خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر شروع کریں گے۔

مقررین نے مزید کہاکہ اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں تاکہ بھارت پر یہ بات واضح ہو جائے کہ دُنیا ریاستی جبر کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے اور ان کے اصولی موقف کی تائید کرتی ہے۔

 دوسری جانب ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد زاہد حسین رند کی ہدایات پر ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں سمیت تحصیل سکرنڈ، قاضی احمد اور دوڑ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں   کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے  طور پر سیاہ دن منایا گیا۔