کوئٹہ،27 اکتوبر(اے پی پی): کشمیر پر بھارتی قبضے کے حوالے سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ کی قیادت میں یوم سیاہ ریلی نکاکی گئی ،ریلی عیلی زرغون روڈ گورنر ہاؤس سے شروع ہوئی اور شہید فیاض سنبل چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم کشمیر پر بھارتی قبضے کے حوالے سے یوم سیاہ منا رہے ہیں جس میں ہم شہر شہر جلوس، جلسہ اور ریلیوں کے ذریعے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانا ہے، ہم کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم طبقات پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف ہیں۔
گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے،ضروری ہے کہ عالمی برادری کی توجہ کشمیر کے مسئلہ کی جانب مبذول کرائی جائے اور عالمی رائے کو انکے حق میں ہموار کیا جائے۔
ریلی میں نگران صوبائی وزراء اور صوبائی مشیر سمیت زندگی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔











