خیرپور؛ یوم سیاہ کشمیرپر ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ریلی، بھارتی مظالم کی مذمت

6

خیرپور، 27 اکتوبر(اے پی پی): ملک بھر کی طرح خیرپور میں بھی آج یوم کشمیر یوم سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد فواد شاہ کی قیادت میں سوک سینٹر سے پریس کلب خیرپور تک ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں ضلع کے تمام محکمے تعلیم، ریونیو، صحت،سماجی بہبود، اطلاعات اور غیر سرکاری تنظیموں بشمول طلباء اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں، شہریوں، روٹری، اسکاؤٹس، صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد فواد شاہ نے کہا کہ آج کا دن بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف منانے کا دن ہے، اور ہم اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کا ہر فرد اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر  مشکل میں کھڑا رہے گا اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کی ہے اور بھارتی ظلم و جبر کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے، ہم کشميريوں کے ساتھ ہیں، جس کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

 ریلی کے شرکاء نے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اس عزم کا عہد کیا کہ کشمیر ایک دن پاکستان کا حصه بنے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر خیرپور محمد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کو خود مختاری دی جائے اور انشاء اللہ ایک دن کشمیر ضرور پاکستان کا حصہ بنے گا۔