کوہلو،27 اکتوبر( اے پی پی ):کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کی طرح کوہلو میں بھی “یوم سیاہ ” منایا گیا ،اس حوالے سے شہر میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر کوہلو نقیب اللہ کاکڑ اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میر نثار احمد مری کررہے تھے۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر کوہلو جہانزیب نور شاہوانی ، اسسٹنٹ کمشنر کاہان خسرو دلاوری سمیت انتظامیہ کے افسران ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور اہلیان کوہلو نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے ،شہر کی فضاء بھارت مخالف اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہلو نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ یہ دن بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے بدترین ظلم و ستم کو بے نقاب کرنے کے لیے بھی منایا جارہا ہے ، کشمیریوں پر مظالم کے خلاف عالمی برداری خاموش ہے ،مظلوم و محکوم کشمیریوں کے لئے پوری دنیا کو اٹھ کھڑا ہونا ہے ، کشمیر سے متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ۔
آج کے دن ہمیں اہلِ کشمیر کو ٹھوس پیغام بھجوانا ہے کہ بحیثیت قوم پاکستانی پوری قوت سے ان کی پشت پر ہیں ، پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا ۔
چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میر نثار احمد مری نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کی جدو جہد کی ہرممکن حمایت جاری رکھے گا ، ہم ہر سطح پر کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ اور انکی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہیں ۔











