ٹنڈو محمد خان،27 اکتوبر( اے پی پی ): یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سکولوں کے طلبہ بھی کثیر تعداد میں میدان میں نکل آئے۔ ٹنڈومحمدخان کے گاوں حسین خان لغاری میں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت ٹیبلوز و خاکوں کی شکل میں پیش کیے۔
اس موقع پر موجود استاتذہ، طلبہ و طالبات سمیت علاقہ مکینوں کی آنکھیں آبدیدہ ہوگئیں، تقریب میں سکول کے طالبعلم میسن علی مغل کی انگلش میں پیش کی جانے والی تقریر پر وہاں موجود افراد نے تعریف کی۔
سکول کے پرنسپل ساجد علی خاصخیلی نے کہا کہ ہمارے اسکول کے طلباءو طالبات نے سندھ بھر اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو اجاگر کیا ہے، سکول کے اساتذہ انتہائی محنت و لگن سے طلبہ و طالبات میں تعلیم کے فروغ کو یقینی بنا رہے ہیں۔











