پشاور،02 نومبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نوشہرہ میں شہدائے اے پی ایس یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، رشکئی انٹر چینج چائنہ اکنامک زون نوشہرہ میں 610 کنال(76ایکڑ) زمین پر یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی قائم کی جائے گی۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب جمعرات کو منعقد ہوئی جس میں نگران صوبائی وزیر صنعت و حرفت سید عامر عبداللہ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر خان، وی سی صوابی یونیورسٹی ڈاکٹر ناصر جمال، ریکٹر پاک آسٹریا یونیورسٹی ڈاکٹر محمد مجاہد، پروفیسر ڈاکٹر امتیاز گیلانی سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر غلام علی نے کہا کہ صوبہ کی پہلی ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا افتتاح کر کے دلی خوشی ہوئی ہے، کیونکہ رشکئی اندسٹریل زون سے منسلک اور اقتصادی زون میں یونیورسٹی کی تعمیر ٹیکنالوجی کے طلبہ کیلئے عملی تعلیم کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو گا۔اس یونیورسٹی کو آراضی کی فراہمی کیلئے متعدد اجلاس بلائے اور آراضی خریداری کو جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایات دی تھیں۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ نے یونیورسٹی کیلئے اندسٹریل زون میں آراضی کی فراہمی کیلئے ان کی سنجیدہ کوششوں اور ویژن کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
حاجی غلام علی نے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ یونیورسٹی کی تعمیر جدید طرز تعمیر کی عمدہ مثال ہونی چاہئے، جبکہ یونیورسٹی کی جدید و معیاری طرز تعمیر کا ڈیزائن و نقشہ پر تفصیلی بریفنگ دی جائے، کیونکہ ہماری خواہش ہے کہ یہ صرف ایک تعمیر نہیں بلکہ تعمیری شعبہ میں ایک تاریخ ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیر میں مستقبل کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے 30 فٹ سائیڈ بیک سڑک کیلئے چھوڑنی چاہئے۔











