ملتان؛ کمشنر کا نشتر2 ہسپتال کی زیر تعمیر سائٹ کا دورہ ، تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

36

ملتان، 02 نومبر(اے پی پی ):کمشنر انجینئر عامر خٹک نے نشتر2 ہسپتال کی زیر تعمیر سائٹ کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام  کو  مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 9 ارب روپے سے زائد لاگت کے نشتر2 کی تعمیر سے صحت کے شعبے میں بہتری آئے گی، صحت کے شعبے میں بہتری پر حکومت پنجاب کی خصوصی  توجہ ہے ۔انہوں نے  ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر کو منصوبے کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر نے بتایا کہ بیسمنٹ فلور پر پتھالوجی، لانڈری، سی ایس ایس ڈی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کردی گئی۔ کچن، مردہ خانہ،نماز کی جگہ،جنرل سٹور، اس ماہ کے آخر تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ 8 میں سے 6 لفٹ انسٹال، ٹاپ فلور کے مکمل ہوتے فنکشنل کردی جائیں گی۔ گراؤنڈ فلور پر او پی ڈی مکمل فعال ہے۔ ریڈیالوجی، ایمرجنسی، ٹراما تکمیل کے مراحل میں، جلد ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کردیے جائیں گے۔ ڈائگناسٹک، ایڈمن بلاک نشتر انتظامیہ کے سپرد کیا جا چکا ہے۔ فرسٹ فلور پر زچہ و بچہ، امراض ہڈی کے وارڈز، کمرے اس ماہ کے آخر تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ دوسرے فلور پر او ٹی بلاک، اینڈوسکوپی، میڈیسن بلاک دسمبر کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔تھرڈ بلاک پر شعبہ سرجری، نیورو میں فرش، ڈکٹ ورک جاری ہے۔ سرائے،کیفے مکمل، سٹاف بھرتی ہوتے ہی فنکشنل کردیا جائے گا۔واٹر،بجلی سپلائی، ٹرانسفر پمپ،ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ مکمل فنکشنل ہیں۔ہسپتال کے 15 فیصد حصے پر ہارٹی کلچر کا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔آئی ٹی سسٹم کی فعالی کیلئے نیٹورکنگ کیبلز کی ٹیسٹنگ کی جارہی ہے،ٹیسٹنگ مکمل ہوتے ہی تمام الات و سسٹم انسٹال کردیے جائیں گے۔ جنریٹرز انسٹال، سٹاف کی بھرتی ہوتے پی نشتر انتظامیہ کے سپرد کردیے جائیں گے۔