ڈیرہ غازی خان ،14 نومبر( اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ڈاکووں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہید سب انسپکٹر رضوان محبوب کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کرنے کے ساتھ شہید کے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
آر پی او نے شہید کی فیملی کو امدادی چیک پیش کیا،اس موقع پر ڈی پی او احمد محی الدین، ایس پی لیگل خرم شہزاد، اے ایس پی سٹی رحمت اللہ بھی ہمراہ تھے۔ آر پی او نے ڈیرہ غازی خان میں واقع پل ڈاٹ کا نام شہید کے نام سے منسوب کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آر پی او کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرائض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اور زخمی ہونے والے جوانوں کو میں سلام پیش کرتا ہوں ان کی لازوال قربانیوں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی،انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی اس قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ہم آپ کی مکمل کفالت کریں گے اور شہید کی فیملی اور کم سن بچوں کی ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔











