پاکستان مسلمانوں کے ساتھ سکھ، ہندو، مسیحی اور پارسی اقلیتوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر

38

 

لاہور،27نومبر (اے پی پی):سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گرونانک کے 554 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہونے والی مرکزی تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر اور وزیر اوقاف بیرسٹر اظفر علی ناصر نے شرکت کی۔ وزرا ءیوکے، آسٹریلیا، امریکہ، کینیڈا اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتریوں کیساتھ گھل مل گئے۔

نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے گوردوارہ جنم استھان میں صفائی ستھرائی،سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔نگران وزراءنے نگرکیرتن کے جلوس و دیگر تقریبات میں خصوصی شرکت کی۔وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے اس موقع پر دنیا بھر سے آنے والے مہمان یاتریوں کو ننکانہ صاحب میں خوش آمدید کیا اور بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلمانوں کے ساتھ سکھ، ہندو، مسیحی اور پارسی اقلیتوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے۔ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل اور مثالی آزادی حاصل ہے۔عامر میر کا کہنا تھا کہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بابا گورونانک کا پیغام امن و محبت،صلح و آشتی اور نیکی کا پیغام ہے جسے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔سکھ برادری کو بابا جی کے جنم استھان کے درشن اور ماتھا ٹیکنے کے لیے کھلی آزادی ہے اور وہ جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں۔عامر میر نے کہا کہ بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے دنیا بھر سے مہمان یاتری ہماری پرخلوص میزبانی کی خوشگوار یادیں لے کر جائیں اور بار بار یاترا کے لیے پاکستان آئیں۔

وزیر اوقاف بیرسٹر اظفر علی ناصر نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت سکھ یاتریوں کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔بابا جی کے جنم دن کی تقریبات میں شمولیت کرنے والے یاتری ہماری مہمان نوازی اور محبتوں کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔