لاہور، 04 دسمبر( اے پی پی ):نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاون شپ کے ڈیف ریچ سکول میں خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر انچارج ڈینیئل مارکلینتھر اور منیجر عبید وارث سمیت سماعت سے محروم معصوم اور پیارے بچوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
سماعت سے محروم بچوں نے انتہائی خوبصورت انداز میں ملی نغمے پر پرفارم کیا۔نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے مختلف کلاس رومز میں جا کر سماعت سے محروم بچوں اور ان کے اساتذہ سے ملاقات کی۔ ڈینیئل مارکلینتھر نے نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو ڈیف ریچ سکول میں سماعت سے محروم بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیمی و دیگر سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے دوران کیک بھی کاٹا۔
نگران صوبائی وزیر محکمہ صحت و سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیف ریچ سکول میں سماعت سے محروم بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے پر ڈینیئل مارکلینتھر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں،ان خاص بچوں کو ڈس ایبلڈ نہیں بلکہ ان ایبلڈ کہنا چاہئے۔ ہمیں ان خاص بچوں کو تمام ضروریات زندگی فراہم کرکے اپنا کردار ادا کرنا ہے،اللہ تعالیٰ نے ان خاص بچوں کے والدین کو اس دنیا میں ہی آزما لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان خاص کلیوں کو معاشرے میں خاص مقام دینا ہے،اللہ تعالیٰ نے ان خاص بچوں کو بے پناہ صلاحیتوںں سے نوازا ہوا ہے،اللہ تعالیٰ ہمیں ان خاص بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی خدمات سر انجام دینے کی توفیق عطاءفرمائے۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان میں ان خاص بچوں کی ترقی کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ادارے بنانے چاہئیں، سماعت سے محروم خاص بچے ہماری زیادہ توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں خصوصی افراد ہر شعبہ زندگی میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔











