پاکستان کرکٹ ٹیم جیت کے جذبے سے سرشار ،آسٹریلیا کیخلاف سخت چیلنج کیلئے پوری طرح تیار

65

پرتھ 13 دسمبر (اے پی پی): پاکستان کرکٹ ٹیم شان مسعودکی زیر قیادت کل آسٹریلیا کے خلاف پہلاپانچ روزہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے جیت کے جذبے کے ساتھ پرتھ اسٹیڈیم اترے گی۔ تین ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز بینو قادر ٹرافی کے لیے کھیلی جارہی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا پہلے ٹیسٹ سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ ہم کس طرح کی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور اس کے کیا نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں؟، اگر ہماری ٹیم نے پانچ دن اچھی کرکٹ کھیلی تو یقینا نتائج بھی درست ہونگے، ہمارے لیے اس وقت اہم بات یہ ہے کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کیسے آگے بڑھتے ہیں؟ اور اگر ہم اچھی کرکٹ کھیلتے ہیں تویقینا ہمیں نتائج بھی اچھے ملیں گے۔

شان مسعود کا کہنا ہے کہ اس کھیل کی خوبصورتی یہی ہے کہ آپ کچھ مختلف کرکے دکھائیں اور ہم ایک ٹیم کے طور پریہی کچھ کردکھانا چاہتے ہیں، ہم دلچسپ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، مجھے اس ٹیم میں بہت زیادہ صلاحیتیں نظر آتی ہیں اور کئی کھلاڑی پاکستان کو فتح کیلئے آگے لے جا سکتے ہیں، ہمارے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم بہترین ٹیم کے خلاف مقابلہ کر سکیں۔

شان مسعود کا کہنا ہے کہ سیریز جیتنے کا مطلب ہمارے لیے دنیا ہے اور جب آپ بڑی تصویر کو دیکھتے ہیں تواس کا مطلب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہے جہاں ہر میچ اور ایک ایک پوائنٹ شمار ہوتا ہے، یہ دو سال کاتسلسل ہے جہاں ہمیں مزید کئی ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، یہ اندازہ لگانے کے لیے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں؟،اس کا آغاز کرنے کیلئے آسٹریلیا بہترین جگہ ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، پاکستان اس وقت آئی سی سی کی ٹیسٹ عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 20-2019ءمیں آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی جس میں اسے دو صفر سے شکست ہوئی تھی۔ موجودہ ٹیسٹ سیریز میںقومی کرکٹ سکواڈکی قیادت شان مسعود کررہے ہیں جو پاکستان کے 35 ویں ٹیسٹ کپتان بن گئے ہیں۔