نگران وفاقی وزیر صحت کا نیوٹریشن کانفرنس سے خطاب

38

اسلام آباد،18 دسمبر(اے پی پی): نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے پیر کے روز نیوٹریشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر 5 میں سے 1 بچہ غذائی قلت کا شکار جبکہ ہر دس میں سے 1 بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔

وزیر صحت نے کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ 22 فیصد بچے پیدائش کے وقت کم وزن کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔ غذائی قلت کے حالات کسی صورت حوصلہ افزا نہیں ہیں، دس سال قبل تک بھی صحت اور غذا کے حوالے سے بہتری کی شرح انتہائی کم تھی۔

صحت کے حوالے سے گزشتہ ادوار کی حکومتوں کی کارکردگی کے بارے میں ندیم جان نے کہا کہ صحت پر کم دھیان اور وسائل لگائے گئےلیکن ملک بھر میں گورنمنٹ این جی اوز اور دیگر پارٹنر اس ضمن میں مصروف رہے، تاہم شہریوں کی آگاہی کے حوالے سے ہم ابھی تک اچھے نتائج حاصل نہیں کر سکے لہذا ہمیں مل کر ماں اور بچے کی صحت کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔