پشاور،18 دسمبر(اے پی پی): آذر بائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ایبٹ آباد اور آذربائیجان کے کسی ایک شہر کو سسٹر سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کی منظوری کے بعد ان شہروں کو سسٹر سٹی ڈکلیئر کیا جائے گا ۔ دونوں شہروں کو سسٹر سٹی ڈکلیئر کرنے سے ان کے درمیان سیاحتی، تعلیمی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی ۔
یہ فیصلہ نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ اور پاکستان میں تعینات آذر بائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کے درمیان ملاقات میں ہوا ، ملاقات میں دونوں حکومتوں کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اورافرادی قوت کے تبادلے سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان دونوں برادر اسلامی ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں،نگران حکومت ان تعلقات کو مزید تقویت دینے اور مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔