نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ون ڈے جیتنے کی بہت زیادہ خوشی ہے، کپتان فاطمہ ثنا

43

اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی):پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ون ڈے جیتنے کی بہت زیادہ خوشی ہے، یہ جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک سینئر کھلاڑی کی ہمیشہ ضرورت رہتی ہے اور بسمہ معروف کی کارکردگی کی بہت خوشی ہے۔ کپتان کی حیثیت سے پتہ تھا کہ بسمہ معروف کو فارم میں واپس آنے کے لیے ایک اچھی اننگز کی ضرورت تھی جو انہوں نے کھیلی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دورے میں نوجوان کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی جو خوش آئند ہے اور کہا کپتانی کرنے کا تجربہ میرے لیے اچھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے پیش نظر اس دورے میں اچھی کارکردگی ہمارے لیے بہت ضروری اور اہم تھی۔ نیوزی لینڈ کی لیگ میں کھیلنے کا موقع مل رہا ہے کوشش کروں گی کہ اپنی کارکردگی سے ایک بھرپور تاثر قائم کروں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان میں ویمنز نمائشی میچز ہوئے تھے ان سے ہمیں بہت فائدہ ہوا اسی کے بعد ہم نے جنوبی افریقہ اور اب نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ویمنز ونگ  نےجس طرح ہمیں سپورٹ کیا ہے اور ہمیں کنٹریکٹس دیئے ہیں اس سے ٹیم کی کارکردگی پر بہت اچھا فرق پیدا ہوا ہے۔