لاہوریکم فروری ( اے پی پی)، ایک اور وعدہ پورا،اڑھائی ماہ میں چلڈرن ہسپتال نیا ہو گیا، ایمرجنسی بلاک اور وارڈز کی اپ گریڈیشن مکمل،100مزید بیڈز کا اضافہ ،وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کے اپ گریڈڈ ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کر دیا، نئے ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا،بچوں کے علاج معالجے کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیااور انفارمیشن ڈیسک اور استقبالیہ کاؤنٹر کا معائنہ کیا،سیکرٹری صحت نے انفارمیشن ڈیسک کے بارے میں بریفنگ دی استقبالیہ کاؤنٹر پرکمپیوٹرز میں مریض بچوں کے داخلے سے ڈسچارج تک تمام معلومات موجود ہوں گی-
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپ گریڈڈ میڈیکل یونٹ،ڈیابیٹک وارڈ،آئی وارڈ اور دیگر وارڈز کا دورہ کیا گراؤنڈ فلور پر موجود پرانی ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا،مریض بچوں کی عیادت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جدید بیڈزدیکھے اور اپ گریڈیشن کے اعلیٰ معیار کو سراہااور سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔محسن نقوی نےپرانی ایمرجنسی کو بھی اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پرانی ایمرجنسی سے مریض بچوں کو نئی ایمرجنسی میں شفٹ کیا جائے گاپرانی ایمرجنسی کو بھی نئی ایمرجنسی کی طرح بہتر بنائیں ۔
محسن نقوی نے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہسپتال کی اونر شپ لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف اونر شپ لیں گے تو یہ ہسپتال ایک مثالی ادارہ بنے گا۔مریض بچوں کے علاج معالجے کیلئے سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے،اب آپ کا فرض ہے کہ اس ہسپتال پر پوری توجہ دیں اور گھر کی طرح خیال رکھیں۔صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،ڈاکٹر جمال ناصر،سیکرٹری صحت،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات،کمشنر،سی سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔