پنجاب کی نگران حکومت سوسے زائد سرکاری ہسپتالوں میں 96ارب روپے کی لاگت سے ری ویمپنگ کر رہی ہے، صوبائی وزیرصحت

7

لاہور،02فروری( اے پی پی ) نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے جنرل ہسپتال میں 72کروڑروپے کے لاگت سے خریدی گئی جدید ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں کاشاندار افتتاح کردیا۔پرنسپل  امیرالدین میڈیکل کالج اور جنرل ہسپتال پروفیسرڈاکٹرسردارالفریدظفرنے نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسرڈاکٹرندرت اور پروفیسرآف ریڈیالوجی پروفیسرڈاکٹرعظمیٰ سمیت فیکلٹی ممبران کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں کا معائنہ کیا اور معیار کا جائزہ لیا۔ پروفیسرڈاکٹرسردارالفریدظفرنے اس حوالہ سے نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نےپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سیدمحسن نقوی کے وژن کے مطابق جنرل ہسپتال لاہورمیں مریضوں کوجدید ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں کا تحفہ دے دیاگیاہے۔

ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں میں زیادہ سے زیادہ سکین اور بہترین رزلٹ کی صلاحیت موجودہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت الحمداللہ سوسے زائد سرکاری ہسپتالوں میں 96ارب روپے کی لاگت سے ری ویمپنگ کر رہی ہے۔پنجاب کی نگران حکومت نے اللہ پاک کی خوشنودی کیلئے عوام کی نیک نیتی سے خدمت کی ہے۔انشاء اللہ عوام سیدمحسن نقوی کی نگران حکومت کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یادکرے گی۔

جنرل ہسپتال میں جدید ایم آرآئی اور سی ٹی سکین مشینوں کی پروسیسینگ میں خصوصی کاوش پر پرنسپل سردار الفریدظفراور ان کی ٹیم کومبارکباداور شاباش دیناچاہتاہوں۔