خیرپور؛کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ضلعی انتظامیہ کیجانب سے ریلی

30

 

خیرپور،05فروری(اے پی پی): کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے  یوم  یکجہتی کشمیر پرضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے ریلی سوک سینٹر تا پریس کلب خیرپور تک نکالی گئی ، ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سید محمد علی شاہ اور ڈی ایچ او ڈاکٹر اختیار حسین میرانی نے کی۔ ریلی میں کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں کے ساتھ ظلم بند کرو، کشمیر پاکستان زندہ باداور دیگر نعرے لگائے گئے۔

 ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اے سی سید محمد علی شاہ، ڈاکٹر اختیار میرانی، ڈاکٹر نظیر احمد،انفارمیشن آفیسر امان اللہ چنا دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سلامتی کونسل کے توسط سے عمل درآمد کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر انسانیت سوز ظلم کررہا ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کی پاکستان کا ہر فرد سخت لفظوں میں مذمت کرتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سفارتی ، اخلاقی، سماجی سطح پر مدد جاری رکھے گا اور دنیا بھر میں ہر سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

ریلی میں سرسو، کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا، روٹری کلب ، این ڈی ایس پی ، نرف، سافکو، لیڈی ہیلتھ ورکرز ، روینیو ملازمین، سماجی رہنماؤں، وکلاء ، معززین شہر، ڈاکٹرز، صحافی، اسکول اور کالجوں کے اساتذہ، طلبہ و طالبات سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔