پشاور، 08 فروری(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کا محکمہ داخلہ میں قائم الیکشن کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں ان کو متعلقہ حکام کی جانب سے صوبے میں انتخابات کے عمل کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
نگران صوبائی وزیر عامر عبداللہ، چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام موقع پر موجود تھے۔
بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کنٹرول روم میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے متعلق کوآرڈینیشن کے لئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کا عملہ ڈیوٹی پر موجود ہے، اس وقت صوبے کے تمام 15607 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل جاری ہے اور بتایا گیا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی سامان اور عملہ بروقت پہنچایا گیا ہے، حتی کہ صوبے کے تمام برفانی علاقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں بھی عملہ اور سامان پہنچایا گیا ہے، برفانی علاقوں میں اس وقت تمام راستے کھلے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں انتخابی عمل کے سلسلے میں انتظامی اور سکیورٹی امور کی آن لائن مانیٹرنگ کے لئے جدید سافٹ وئیر تیار کر لیا ہے، اور اس سافٹ وئیر کی مدد سے تمام پولنگ اسٹیشنز سے معلومات بروقت حاصل کی جا رہی ہیں، انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی صورت میں مینوئل طریقے سے بھی اس سافٹ وئیر کو استعمال کیا جا سکتا ہے،اس سافٹ وئیر میں تمام پولنگ اسٹیشنز اور انتخابی عملے سے متعلق ہر قسم کی معلومات درج ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز کے ساتھ ہمہ وقت رابطے کے لئے ٹیلیفون اور موبائل فون کا متبادل انتظام بھی کیا گیا ہے، جو آخری بیلٹ باکس موصول ہونے تک کنٹرول روم بغیر کسی تعطل کے کام کرتا رہے گا۔
وزیر اعلیٰ نے عام انتخابات کے لئے انتظامات اور مربوط کوآرڈینیشن کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کسی بھی ناخوشگوار اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔











