پشاور،80فروری(اے پی پی):صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا شمشاد خان نے انتخابی عمل کا جائزہ لینے کے لئے پشاور میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن کاشف عباسی،ریجنل الیکشن کمشنر پشاور سعید احمد خان اور ڈپٹی کمشنر پشاور بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے فقیر آباد اور گل بہار میں کئی پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ عملہ سے بات چیت کی اور ان کو اپنے فرائض منصبی انتہائی ذمہ داری سے انجام دینے کی ہدایت کی۔شمشاد خان نے موجود پولنگ ایجنٹس سے بھی انتخابی عمل سے متعلق گفتگو کی اور انہیں انتخابات کے عمل سے متعلق خوش اسلوبی سے اپنا کردار ادا کرنیکی گزارش کی۔
انہوں نے انتخابی عمل کے لئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عوام سے اپیل کی کہ ملک میں جمہوری عمل کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لئے پولنگ اسٹیشن جاکر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت بھی کی۔











