انسداد پولیومہم کا آغاز،پولیو فری پاکستان کیلئے والدین کا تعاون ناگزیر ہے، کمشنر ملتان

28

 

ملتان،26فروری(اے پی پی):ملتان ڈویژن میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا،کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے مہم کی کامیابی کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیو فری پاکستان کیلئے والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قومی انسداد پولیو مہم یکم مارچ تک جاری رہے گی۔ملتان ڈویژن میں10869 ٹیمیں26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔جنرل بس سٹینڈ سمیت عوامی مقامات پر پولیو کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔یہ بات خوش آئند ہے کہ امسال ڈویژن میں پولیو سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے اور ماحولیاتی سیمپل ٹیسٹ میں ملتان ڈویژن پولیو فری رہا۔ ڈائر یکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر وسیم رمزی، سی او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔