کراچی،23 مارچ (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ 23مارچ پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، قرارداد پاکستان نے وطن عزیز کے حصول کو ممکن بنایا، قائداعظم محمد علی جناح مسلمانوں کے عظیم رہنما تھے، آزادی نعمت ہے اس کی قدر فلسطینیوں اور کشمیریوں سے پوچھیں، ہمیں قائد اعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر اس ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی جانب سے آج مزار قائد پر حاضر ہوئے ہیں، 23 مارچ کو ایک تاریخی قرارداد منظور ہوئی جو آگے چل کر قیام پاکستان کی بنیاد بنی اور ہمیں ایک آزاد ریاست ملی،تحریک پاکستان کے تمام کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہی کی کاوشوں اور محنت کی وجہ سے آزاد وطن پاکستان ملا، تحریک پاکستان کے کارکنان نے جو خواب دیکھا تھا، اس کو انشا اللہ ہم پورا کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں مرتضی وہاب نے کہا کہ جو لوگ ہمیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے قربانیاں دیتے ہیں افسوس اور شرمندگی کی بات ہے کہ ہم ان کا مذاق اڑائیں اور ان کے خلاف سازشیں کریں، اپنی نسل کو مایوسی دینا غلط ہے، پاکستان میں باہر رہنے والوں کی زندگی بہت اچھی دکھائی دیتی ہے،آزادی ایک نعمت ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی وطن کی خاطر قربانی دی، شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے،پچھلے دنوں کراچی کے بیٹے نے بھی قربانی دی۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ہمسایہ دوست ملک چین کے ساتھ بہترین روابط ہیں، زرداری صاحب کی قیادت میں پاکستان اور چین کے حوالے سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،پاکستان کے پاس سب کچھ ہے پاکستان کے بارے میں منفی باتیں سن کر دل دکھتا ہے، ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ ہم نے پاکستان کو کیا دیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت حکومت کو چلانی چاہئیے قانون سازوں کا کام قانون سازی ہوتا ہے، شہر میں جب بھی کوئی بڑے ایونٹس ہوتے ہیں اس کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کیا جاتا ہے، شہر میں چیلنجز ہیں ان کے حل پر کام کررہے ہیں، ٹرانسپورٹ کا چیلنج بہت بڑا ہے اسے حل کرنے کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں، کے سی آر ہماری ترجیح میں شامل ہے، گٹر کے ڈھکن کی کمی نہیں ہے جو کمی ہے انشا اللہ ہم ہی پوری کریں گے، شہر کی سڑکوں کو ہم بہتر کریں گے۔