کرغزستان میں پھنسے طلبہ کی واپسی کے لئے اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں، اب تک 95 طلبا نے خود کو رجسٹرڈ کیا ،ترجمان بلوچستان حکومت

24

کو ئٹہ،22 مئی (اے پی پی ): ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ کرغزستان میں پھنسے طلبہ کی واپسی کے لئے اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں اب تک 95 طلبا نے خود کو رجسٹرڈ کیا صوبائی کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں انتظامی امور سمیت مفاد عامہ سے متعلق اہم فیصلے کئے ہیں،صحت تعلیم اور گورننس کو بہتر ی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز و زیر اعلی ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس 21 اور 22 مئی کو ہوا، اجلاس میں بلوچستان کابینہ نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے اصلاحاتی عمل پر اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے دونوں محکموں کے وزرا ءکو جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے دونوں شعبوں میں افسران اور اہلکاروں کی ترقی کو کارکردگی سے مشروط کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ گھریلو تشدد کے خاتمے اور کم عمری کی شادی کی روک تھام کے بل 2024 کی منظوری بھی دے دی گئی کو ئٹہ کے بعد سبی میں بھی خواتین کے لئے پولنگ اسٹیشن قائم کیا جا ئے گا۔

 انہوں نے بتا یا کہ سینیٹر کہدہ بابر کی جانب سے بلو چستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے سےمتعلق سینیٹ میں قرارد اد کی کابینہ نے حمایت کی ہے اور وفاقی لیویز کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے صوبائی وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے،کمیٹی میں صوبائی وزراء سردار سرفراز ڈومکی، سردار عبدالرحمٰن کھیتران، نور محمد دمڑ بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نجی سیکورٹی کمپنیوں کی تجدیدی و اجرا فیس میں اضافہ،بلوچستان فرانزک سائنسز ایجنسی، بلوچستان فارمیسی کونسل کے قیام کی منظوری بھی کابینہ نے دے دی ہے ترجمان بلو چستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ کر غز ستان میں طلبا کی واپسی کے تمام وسائل بروے کار لا ئیں گئے اب تک بلو چستان حکومت کے 95 طالب علموں کے اعداد و شمار موصول ہوئے ہیں۔