صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ داخلہ میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کا اجلاس

19

لاہور،24مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت محکمہ داخلہ میں سب کیبنٹ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کا پانچواں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین اور وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بطور کمیٹی ممبران شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال، عیدالاضحیٰ پر سکیورٹی انتظامات سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران، کمشنرز اور آر پی اوز نے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 اجلاس کے دوران مختلف واقعات پر جے آئی ٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران دس قیدیوں کو پیرول پر رہا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کیلئے لاہور اور راولپنڈی انتظامیہ کو وسائل مہیا کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں منشیات فروشوں، پتنگ ساز فیکٹریوں اور بجلی چوروں کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔

اجلاس میں ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری ہوم، آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل آئی جی ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور تمام کمشنرز و آر پی اوز نے ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔