لاہور۔16مئی (اے پی پی):یوم تشکر کے موقع پر پاک فوج کے شہدا کی یادگاروں پر سلامی دینے کے سلسلہ میں جمعہ کے روز میانی صاحب قبرستان لاہور میں پاک بھارت1971 کی جنگ کے شہید میجر شبیر شریف نشانِ حیدر کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد کی گئی۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ11 ڈویژن میجر جنرل رائو عمران سرتاج نے یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی۔تقریب میں بریگیڈیئر کاشف،لیفٹیننٹ کرنل آصف غفور،شہید کے اہلِ خانہ سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شہدا کی قومی فریضے کی ادائیگی میں دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ11 ڈویژن میجر جنرل رائو عمران سرتاج نے میجر شبیر شریف شہید نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید جرات اور حب الوطنی کی علامت ہیں۔1965 اور1971 کی جنگوں میں ان کے بہادرانہ اقدامات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ قومیں تعداد سے نہیں بلکہ ایمان،لگن اور مشکل حالات میں حوصلے سے کامیاب ہوتی ہیں۔











