وزیراعلیٰ مریم نواز کا وعدہ پورا: لاہور میں عالمی معیار کی پہلی “میٹ مارکیٹ” قائم

4

لاہور، 6 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں عالمی معیار کی جدید میٹ مارکیٹ قائم کرنے کا وعدہ پورا کر دیا۔ تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ میں بنائی جانے والی اس جدید مارکیٹ کا سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کو 30 جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ یہ پاکستان کی پہلی عالمی معیار کی میٹ مارکیٹ ہے جہاں شہری اب صاف ستھرا اور حفظانِ صحت کے عالمی معیار کے مطابق گوشت، مچھلی اور دیگر اشیائے خورونوش خرید سکیں گے۔مریم اورنگزیب کو بتایا گیا کہ گندے نالے کو ڈھانپ کر بدبو کا مکمل خاتمہ کیا گیا ہے اور دکانوں کو خوبصورت انداز میں تعمیر کر کے مارکیٹ کی شکل و صورت جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔ٹف ٹائلز کی تنصیب، غیر ضروری تاروں کا خاتمہ مارکیٹ کے اطراف میں پیدل آمد و رفت کے لیے سہولتیں اور الگ پارکنگ ایریا مختص کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ فش مارکیٹ کو بھی منصوبے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے دو دن میں جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی وزیر نے پرندوں کی منتقلی اور وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے ایس او پیز بنانے کی ہدایت دی اور مارکیٹ سے منسلک کچی آبادی کو متبادل جگہ منتقل کرنے کی بھی  ہدایت دی۔وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے چھ ماہ پہلے اس منصوبے کا نوٹس لیا تھا، اور آج وہ وعدہ پورا ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا پہلا منصوبہ ہے، جسے پورے پنجاب میں ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے دکانداروں اور متعلقہ ایسوسی ایشنز کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ مارکیٹ میں دکانوں اور فروخت ہونے والی اشیاء کی نگرانی کا مربوط نظام بھی قائم کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری وائلڈ لائف اینڈ فاریسٹ مدثر ریاض، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم اقبال، ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین، ایم ڈی واسا غفران احمد اور چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید بھی موجود تھے۔