پنجاب بھر کے 189 شہروں کو لاہور کی طرز پر خوبصورت اور ترقی یافتہ بنائیں گے: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف

18

لاہور، 16 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے تحت 5643 منصوبوں میں سے 2593 مکمل کیے جا چکے ہیں۔ لاہور میونسپل کارپوریشن کے 3705 منصوبوں میں سے 2274 مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ واسا لاہور کے 252 منصوبوں میں سے 170 پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں۔ واسا سے منسلک مزید 1573 منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سڑکوں اور گلیوں کی بیوٹیفکیشن پر بھی زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر کی خوبصورتی اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے تمام پہلوؤں کو مدِنظر رکھا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون کی تکمیل نومبر 2025ء تک متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ فیز ٹو میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی ٹاؤنز کی 146 اسکیمیں شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 189 شہروں میں ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، جن میں تعمیر و مرمت، بحالی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہے۔ فیز ون کے تحت ان علاقوں کو ترجیح دی جائے گی جو زیادہ خراب حالت میں ہیں، جبکہ 66 شہروں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ ان شہروں میں واٹر ٹینکس، ڈرین ڈسپوزل اسٹیشنز، ٹرنک سیوریج سسٹمز اور دیگر اہم سہولیات تعمیر کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ “پنجاب کا کوئی شہر اب ترقی کے ثمرات سے محروم نہیں رہے گا، ہم پنجاب بھر کے 189 شہروں کو لاہور کی طرز پر خوبصورت، صاف ستھرا اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی دیں۔