لاہور، 18 جولائی (اے پی پی): چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے وفد کے ہمراہ بورڈ آف ریونیو پنجاب کا دورہ کیا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) نبیل جاوید نے چیئرمین نیب کا خیرمقدم کیا اور ادارے کی مختلف شاخوں کا وزٹ کروایا۔ اس موقع پر نبیل جاوید نے چیئرمین نیب کو بورڈ آف ریونیو کی ورکنگ، پالیسیز اور دائرہ اختیار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ سٹیٹ لینڈ، لینڈ ایکوزیشن، سیٹلمنٹ، ریونیو کولیکشن اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایس ایم بی آر نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بورڈ میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں جن میں ڈیجیٹائزیشن، انسٹی ٹیوشنل ریفارمز، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ اور ٹیکس کولیکشن کے نظام کی بہتری شامل ہے۔ نبیل جاوید نے پلس پراجیکٹ کی تفصیلات بھی پیش کیں جس کے تحت مینوئل لینڈ ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جہاں مکمل ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے ای-رجسٹریشن سسٹم، جیو اسپیشل انفارمیشن اپگریڈیشن، اراضی معاون مراکز، وکلا کی شمولیت، اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آن لائن سہولیات پر بھی روشنی ڈالی۔ مزید یہ کہ بورڈ آف ریونیو کے تمام ریکارڈ رومز کو بھی ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ نے بورڈ آف ریونیو کی اصلاحاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹائزیشن میں قابل ستائش اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہاؤسنگ سوسائٹیز اور سرکاری افسران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











