وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، ادارہ جاتی بہتری اور گورننس ریفارمز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ

18

لاہور، 24 جولائی(اے پی پی(: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، ادارہ جاتی بہتری اور گورننس ریفارمز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

 اس موقع پر بتایا گیا کہ برطانیہ، کوریا، قازقستان سمیت مختلف ممالک کی معروف یونیورسٹیوں نے پنجاب میں اپنے کیمپسز کھولنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یونیورسٹی آف لندن، یونیورسٹی آف برونیل، یونیورسٹی آف گلوچیسٹر شائر، یونیورسٹی آف لیسسٹر اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے پنجاب میں برانچ کیمپس قائم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ اجلاس میں پنجاب کے سرکاری کالجز میں کالج مینجمنٹ کونسلز قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ معیارِ تعلیم میں بہتری کے لیے پنجاب کی یونیورسٹیوں میں “Key Performance Indicators” (KPI) سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت وائس چانسلرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

 وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انڈر پرفارمنگ کالجز کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے صوبے میں “ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ” کے قیام کی منظوری دی۔ یہ سکواڈ تعلیمی اداروں میں اچانک معائنہ کر کے حاضری، صفائی، معیارِ تعلیم اور دیگر امور کا جائزہ لے گا، اور اس کی رپورٹ پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں یونیورسٹیوں کی کارکردگی کو گرین، بلیو، ییلو اور گرے رینکنگ میں تقسیم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کو “سی ایم پنجاب ہونہار اسکالر شپ” اور لیپ ٹاپ اسکیم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے 19 ہزار سے زائد طلبہ اسکیم میں اپلائی کر چکے ہیں۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کا اسٹریٹجک پلان 2025-29 کا بھی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تدریسی معیار، تحقیق، تخلیقی علم، انسانی وسائل کی ترقی، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور گلوبل روابط کو ترجیح دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پہلی بار ہائر ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد کی اصولی منظوری بھی دی، جبکہ غیر فعال کامرس کالجز سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی۔