لاہور، 07 اگست (اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات، وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر اور سابق کرکٹر محمد یوسف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور کھیل کے میدانوں کی بحالی میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے اقدامات کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر تعلیم اور وزیر کھیل نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں بنجر میدانوں کو کھیلوں کے لیے کارآمد بنایا جائے گا۔ دونوں محکمے مل کر صوبے میں سپورٹس فیسٹیول منعقد کریں گے جبکہ یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی سپورٹس سرگرمیاں بھی رکھی جائیں گی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا کہ نوجوانوں کو شام کے اوقات میں تعلیمی اداروں کی گراؤنڈز کے استعمال کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے کے تعلیمی اداروں میں ایک ہزار سپورٹس اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی جن میں کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کی تربیت دی جائے گی۔ مزید برآں، سابق کرکٹر محمد یوسف کی خدمات بطور کوچ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محمد یوسف نوجوان کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول پر تربیت دیں گے اور انہیں انگلینڈ میں ٹریننگ اور کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو نکھارنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے محکمہ تعلیم اور محکمہ کھیل کے افسران پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو ان سرگرمیوں کے مؤثر انعقاد کو یقینی بنائے گی۔











