لاہور، 08 اگست (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے ہمراہ داتا دربار کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں سمیت عرس مبارک کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری اوقاف نے صوبائی وزیر کو تعمیراتی سرگرمیوں، عرس سے قبل سکیورٹی، صفائی، بجلی اور دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی۔ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کے تحت گلیوں اور مین شاہراہوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور سڑکوں یا راستوں کی بندش میں مقامی لوگوں کی سفارشات کو پیش نظر رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرس کے دوران دودھ کی سبیل اور لنگر کی تقسیم والے مقامات پر انتظامی افسران تعینات کیے جائیں تاکہ شرکاء کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ وزیر ہاؤسنگ کے مطابق دودھ کی سبیل سمیت دیگر انتظامات میں ماضی کے مقابلے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ بلال یاسین نے بتایا کہ 13 اگست سے شروع ہونے والی تین روزہ عرس کی تقریبات میں لاکھوں زائرین کی آمد متوقع ہے، اس لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ایس پی سکیورٹی بلال احمد، اے سی سٹی رائے بابر، مینیجر داتا دربار شیخ جمیل اور علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔











