صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا مینارٹی ڈے کے موقع پر خصوصی تیزگام ایکسپریس کا افتتاح

18

لاہور، 09 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے مینارٹی ڈے کے موقع پر خصوصی تیزگام ایکسپریس کا افتتاح کیا، جو لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، اقلیتی رہنماؤں، سول سوسائٹی، مذہبی شخصیات اور عام شہریوں نے بھی شرکت کی۔ لاہور ریلوے اسٹیشن کو جھنڈوں، فلیکسز اور روشنیوں سے سجا کر خوشی کا سماں پیدا کیا گیا، جبکہ تیزگام کی بوگیوں پر پاک فوج کے حق میں نعرے آویزاں تھے۔ روانگی کے وقت ریلوے اسٹیشن پر ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج پائندہ باد‘‘ کے نعرے گونجتے رہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے، جس نے دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور مذہبی، سماجی و ثقافتی آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں۔ ان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ نے کہا کہ مینارٹی ڈے کی تقریبات بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہیں، اور لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی یہ خصوصی تیزگام ملک میں یکجہتی اور بھائی چارے کی علامت ہے۔