صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کا قائداعظم بزنس پارک کا دورہ

20

لاہور، 13 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے قائداعظم بزنس پارک کا دورہ کیا، اس موقع پر ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چین کے سرمایہ کار گروپ “چیلنج اپیرل” کے چیئرمین مسٹر وانگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال اور ان کی ٹیم نے چینی گروپ کو سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کے مواقع اور صنعتی انفراسٹرکچر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چینی گروپ نے قائداعظم بزنس پارک میں صنعتی یونٹ لگانے کا عندیہ دیا۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جہاں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔ یہاں سرمایہ کاری پر 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی سہولت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کو ترجیح دے رہے ہیں اور یہ صوبہ سرمایہ کاری کا پرکشش مرکز بن چکا ہے۔ سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے اور چینی سرمایہ کاروں کو ترجیحی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کا گروپ قائداعظم بزنس پارک میں کارخانہ لگائے تو ضرورت کے مطابق زمین فراہم کی جائے گی۔ حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب میں مزید کارخانوں کے قیام سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ستمبر میں 13 نئے صنعتی یونٹس کی تعمیر شروع ہو جائے گی جو دو سال میں مکمل ہوں گے، جبکہ اگلے ماہ چین کی لیتھیئم بیٹری بنانے والی کمپنی بھی اپنا صنعتی یونٹ لگانا شروع کر دے گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ نئے کارخانوں کے قیام سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور معیشت مستحکم ہوگی۔ انہوں نے سپیشل اکنامک زون میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال کے مطابق قائداعظم بزنس پارک میں 50 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی امور پر کام جاری ہے۔ یہاں 10 کارخانے پیداواری عمل میں ہیں جبکہ 35 سے 40 فیکٹریاں تعمیر کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قائداعظم بزنس پارک 2 ہزار ایکڑ رقبے پر محیط دنیا کا بہترین انڈسٹریل پارک ہے۔ اس موقع پر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے چینی سرمایہ کار گروپ کے ہمراہ سائٹ کا معائنہ بھی کیا۔