اسلام آباد، 14 اگست (اے پی پی ): 14 اگست وہ تاریخی دن ہےجب برصغیر کے مسلمانوں کے آزاد اور خودمختار ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا،یومِ آزادی صرف جشن نہیں، قربانیوں کے تسلسل کی داستان ہے ۔یومِ آزادی تجدیدِ عہد کا دن ہے، جو ہمیں آباؤ اجداد اور شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
یومِ آزادی ،معرکۂ حق کے موقع پر، شہداء کے اہلِ خانہ نے بھی پیغام دیا۔ سپاہی اسامہ محبوب کے والد نے یوم آزادی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوان جو سرحدوں پر اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں ان کو بھی اپنی دعاؤں میں شامل رکھنا چاہے۔
سپاہی محمد صفدر شہید کے بھائی نے یوم آزادی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا دن ہماری آزادی کا وہ دن ہے جب قربانیوں ،جدوجہد اور بے مثال ہمت کے بعد ہمیں پاکستان حاصل ہوا، پاکستان ان شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج ہم ایک آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ۔
نائب صوبیدار کاشف رضا شہید کے بھائی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنا پیغام میں کہا کہ 14اگست صرف ایک تاریخ نہیں، یہ قربانی، جدوجہد اور ہمت سے حاصل شدہ آزادی کا دن ہے،یہ دن شہداء اور ماؤں کی عظمت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، جنہوں نے بیٹے وطن کے لیے قربان کیے۔











