یوم آزادی :لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں یومِ آزادی کی تقریب منعقد

20

راولپنڈی، 14 اگست (اے پی پی ):  لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے احاطے میں 14 اگست کو یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں معزز ججز، وکلاء اور بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب میں سینئر جسٹس لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ جسٹس سلطان تنویر احمد اور جسٹس احسن رضا کاظمی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ سابق جسٹس شکور پراچہ، خالد محمود ملک سمیت راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے دیگر اہم عہدیداران بھی شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس کی قیادت سینئر جسٹس سلطان تنویر احمد نے معزز ججز کے ہمراہ کی۔ اس موقع پر سینئر جسٹس سلطان تنویر احمد کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

اپنے خطاب میں جسٹس سلطان تنویر احمد نے یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کہ دنیا کی سب سے بڑی نعمت آزادی ہے، جسے ہمارے آباؤ اجداد نے عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے لازوال قربانیوں کے بعد یہ آزادی حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن ان ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، جن کی قربانیوں کے باعث آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

تقریب کا اختتام ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا سے کیا گیا۔