لاہور، 15 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ قائم مقام چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری لا اینڈ آرڈر وزیراعلیٰ آفس سیف انور جپہ اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب طارق چوہان بھی موجود تھے۔ کنٹرول روم سے صوبے بھر میں جاری چہلم حضرت امام حسینؑ و مجالس اور عرس داتا علی ہجویریؒ کی لائیو مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ نے صوبہ بھر کے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق اور قائم مقام چیف سیکرٹری نے پنجاب بھر کے ضلعی کنٹرول رومز سے براہ راست رابطہ کر کے رپورٹ حاصل کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ چہلم اور عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی اور انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام مکاتب فکر کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ریاست سب کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔ علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ تقریبات پرامن اور عقیدت کے ساتھ منعقد ہوں۔ قائم مقام چیف سیکرٹری نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس سمیت تمام ادارے فیلڈ میں مستعد ہیں۔ محکمہ داخلہ کا سائبر پٹرولنگ سیل فرقہ واریت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ تمام عزاداروں اور زائرین کی بحفاظت واپسی تک سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر رہیں گے۔











