اسلام آباد، 29 اگست (اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے وفد سے اعلیٰ سطحی اجلاس کیا، جس میں نئی صنعتی پالیسی، سرمایہ کاروں کو مراعات، ٹیکسز، پالیسی ریٹ اور برآمدات کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ قومی صنعتی پالیسی صنعتوں کے مسائل کے حل کے لیے تیار کی گئی ہے اور اس میں گرین فیلڈ منصوبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مکمل اختیارات کا حامل ون ونڈو ماڈل تجویز کیا گیا ہے، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، لینڈ لیز ماڈل اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو بھی اس کا حصہ بنایا گیا ہے۔











