ساہیوال: وفاقی وزیر پیر عمران احمد شاہ کا فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ، متاثرین میں ریلیف پیکجز تقسیم

9

 

‎ساہیوال، 7 ستمبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ، پیر عمران احمد شاہ نے ضلع ساہیوال میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ ایک ہزار خاندانوں میں ریلیف پیکجز تقسیم کیے۔

‎داد بلوچ میں 400، چک اکبر شاہ اور اورنگ آباد میں 300، 300 ریلیف پیکجز تقسیم کیے گئے۔ ہر ریلیف پیکج میں تقریباً 25 ہزار روپے مالیت کی اشیائے خوردونوش شامل تھیں، جو کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور فارمرز ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے فراہم کی گئیں۔پیر عمران احمد شاہ نے تینوں کیمپس میں متاثرین سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کو مکمل بحالی تک ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

‎انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرین کو علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں اور وفاقی حکومت بحالی کے عمل میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر کے سیلاب متاثرین میں ریلیف پیکجز کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت مؤثر اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔پیر عمران احمد شاہ نے کہا کہ حکومت کے تمام متعلقہ محکمے متاثرین کی دلجوئی اور مدد کے لیے پرعزم ہیں۔