ترین ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کا سلسلہ جاری،5000 متاثرہ خاندانوں میں راشن کی تقسیم کا آغاز

23

لودھراں، 08 ستمبر 2025 (اے پی پی): معروف سماجی رہنما اور سیاستدان جہانگیر خان ترین کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے جاری ریلیف آپریشن کے اگلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس مرحلے میں ضلع لودھراں کے مختلف علاقوں میں 5000 سے زائد متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔راشن کی تقسیم کا عمل منشی والا میں شروع کیا جائے گا، جہاں سینکڑوں متاثرہ خاندانوں کو خوراک اور ضروری اشیاء فراہم کی جائیں گی۔جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، اور ریلیف سرگرمیاں متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے مخیر حضرات اور دیگر فلاحی اداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر انسانی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔واضح رہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے جنوبی پنجاب کے کئی علاقوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، جہاں ہزاروں افراد بے گھر اور بنیادی ضروریات سے محروم ہو چکے ہیں۔ ترین ویلفیئر فاؤنڈیشن اس سے قبل بھی مختلف اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کر چکی ہے۔