لاہور۔ 11 ستمبر (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) حلقہ این اے 127 ٹاؤن شپ کے مرکزی پبلک سکریٹریٹ میں عید میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے خواتین کے لیے ایک روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کی۔ محفل کی نقابت اور اسٹیج سیکرٹری کے فرائض حفصہ ثاقب نے سرانجام دیے اور نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی انسانیت کے لیے رحمت، شفقت اور محبت کے پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد حمد و نعت کے نذرانے پیش کیے گئے۔ نعت خوانوں خواتین نے اپنے خوبصورت کلام سے محفل میں موجود شرکاء کے دلوں کو منور کیا اور عقیدت و محبت کا نذرانہ پیش کیا۔ محفل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خواتین رہنماؤں، کارکنوں، اہلِ حلقہ کی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے عید میلادالنبی ﷺ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نورانی اجتماع نبی اکرم ﷺ سے اظہارِ عقیدت اور شکر گزاری کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور ﷺ کی تعلیمات بشمول باہمی احترام، احسان مندی اور ہمدردی ہی ایک پرامن معاشرے کی ضمانت ہیں۔ محفل کے دوران اقلیتی برادریوں کے ساتھ رواداری اور منصفانہ سلوک کی اسلامی تعلیمات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور امت مسلمہ کی بھلائی کے لیے دل کو چھو لینے والی اجتماعی دعائیں مانگی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر پر مادر جمہوریت محترمہ کلثوم نواز کی ساتویں برسی کے موقع پر ان کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس بابرکت محفل میں رابعہ افضل کوآرڈینیٹر این اے 127, پی ایس او وزیراطلاعات و نشریات شہباز طالب، پی ایس او رانا وقاص، اسد ابرار، سابق ایم پی اے فرح دیبہ، پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، سعدیہ ملک، مہوش ارشد، کشمور باجوہ، آسیہ بھٹی، افتخار النساء، طاہرہ آپا، یاسمین افتخار اور رخسانہ تاج سمیت دیگر شخصیات بھی شریک ہوئیں۔











