ہیمل فارما کے زیر اہتمام شیخ زید ہسپتال لاہور میں بلڈ کینسر آگاہی واک کا انعقاد

29

لاہور، 11 ستمبر (اے پی پی): ہیمل فارما سیوٹیکلز اور شعبہ ہیمیٹالوجی، شیخ زید ہسپتال لاہور کے زیر اہتمام بلڈ کینسر آگاہی واک منعقد کی گئی۔ واک کا مقصد عوام میں بروقت تشخیص، علاج کے امکانات اور اس مرض کے خلاف اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ واک میں ہسپتال کے تمام ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور طلبہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بلڈ کینسر کے بارے میں آگاہی کے پیغامات درج تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مونا عزیز گیلانی نے کہا کہ بلڈ کینسر کی بروقت شناخت مریض کی زندگی بچا سکتی ہے، عوام کو چاہیے کہ علامات ظاہر ہوتے ہی فوری طور پر ماہرین سے رجوع کریں۔  پروفیسر ڈاکٹر محمد عثمان نے کہا کہ جدید علاج اور تحقیق کے ذریعے مریضوں کے نتائج بہتر بنائے جا سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔ ڈائریکٹر ہیمل فارما ڈاکٹر عثمان امین بٹ نے کہا کہ ہِمیل فارما عوامی صحت کے شعبے میں آگاہی اور فلاحی سرگرمیوں کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلڈ کینسر جیسے موذی مرض سے نمٹنے کے لیے صرف علاج ہی نہیں بلکہ آگاہی مہمات بھی اتنی ہی اہم ہیں، اور اس سلسلے میں ادارے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ مقررین نے میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ میڈیا آگاہی کو عام کرنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے جس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام پہنچایا جا سکتا ہے۔آخر میں شرکاء میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔