سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا سیلاب کے دوران خدمات انجام دینے والے اداروں اور عملے کو زبردست خراجِ تحسین

16

لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے سیلاب کے دوران خدمات انجام دینے والے ستھرا پنجاب، سول ڈیفنس، سی اینڈ ڈبلیو، فاریسٹ اور وائلڈ لائف کے عملے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی خدمت اور مدد میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے ورکرز کو وزیراعلیٰ کی طرف سے شاباش اور انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ “آپ اور ہم سب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ٹیم ہیں، خلوصِ نیت کے ساتھ خدمت کریں اور مل جل کر مصیبت کا سامنا کریں۔” انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے دوران ستھرا پنجاب کے ورکروں نے شاندار کارکردگی دکھائی، ان کی بروقت صفائی ستھرائی سے سیلاب زدہ علاقے کئی بیماریوں سے محفوظ رہے۔ “اتنے بڑے سیلاب میں سب نے مل جل کر کام کیا، یہ عوام کی خدمت اور وقت کی ضرورت تھی۔” مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی ایک جان کو بچانا کارِ ثواب ہے، جبکہ سینکڑوں اور ہزاروں جانوں کو بچانے کا اجر اللہ ہی جانتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کی خدمات کو قبول فرمائے اور اجر عطا کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں وزارتی ٹیم وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خود پہنچی اور ورکروں کو انتھک محنت کرتے ہوئے دیکھا۔ اس موقع پر ورکرز نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔