قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی سیلاب متاثرین کو امدادی پیکجز کی تقسیم

16

‎ملتان، 20 ستمبر ( اے پی پی): قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے  شيرشاہ میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکجز کی تقسیم کی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب پاکستان پیپلز پارٹی امدادی فاؤنڈیشن (پی پی اے ایف) اور فلاحی ادارہ ایف ڈی او کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔

‎تقریب کے دوران، 2500 متاثرہ خاندانوں کو امدادی پیکجز فراہم کیے گئے، جن میں آج 350 خاندانوں کے لیے پیکجز کی تقسیم کی گئی۔

‎قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ  ہم سیلاب متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی مکمل بحالی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت ہر ممکن اقدام کر رہی ہے تاکہ ان کی زندگیوں کو دوبارہ معمول پر لایا جا سکے۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے، اور ارکان اسمبلی بھی اپنے حلقوں میں متاثرین کی بحالی کے لیے متحرک ہیں۔

‎قائم مقام صدر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی علاج معالجے کے لیے طبی عملے کے انتظامات کیے گئے ہیں اور حکومت مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

‎یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف کیمپس میں خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کا مؤثر انتظام کیا جا رہا ہے، اور مال مویشیوں کے لیے چاره، ونڈہ اور ڈاکٹرز کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔

‎اس موقع پر عبدالقادر گیلانی، حیدر گیلانی اور کامران عبداللہ مرال بھی موجود تھے، جنہوں نے امدادی کارروائیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت کی کاوشوں کی تعریف کی۔

‎قائم مقام صدر نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ یہ ملک اور تمام ادارے ہمارے ہیں، اور ہم سب مل کر عوام کی فلاح کے لیے کام کریں گے۔