ہم نے پاکستان کوعظیم عسکری قوت بنایا اب اسے معاشی قوت بنائیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

14

‎لندن،21ستمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے   اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ہم نے پاکستان کوعظیم عسکری قوت بنایا   ، اب اسے معاشی قوت بنائیں گے

‎لندن میں سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر اعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کو 10مئی کی فتح اورمعرکہ حق کی عظیم کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ فتح ہے جس کے ذریعے  دشمن کو وہ سبق سیکھایا جسے وہ زندگی بھر یادرکھے گا ۔

‎  وزیر اعظم نے کہا کہ ابھی میں بعض عرب دوست ممالک سے ہو کر آیا ہوں ،وہاں  ایک ملک کے سربراہ نے مجھ سے پوچھا کہ وہ کونسی دو باتیں ہیں جو پاکستان کی عظیم فتح کی  وجہ بنیں ، جس پر میں نے جواب دیا کہ ایک وجہ افواج پاکستان کی دلیری ، شجاعت اور پیشہ وارانہ مہارت ، اللہ تعالی پر بھروسہ اور بہت سی جدید اور اعلیٰ سطح کی تربیت اور دوسرا سیاسی اور عسکری قیادت کی سوچ میں مکمل اتحاد اور ہم آہنگی اور تیسری بات جو میں نے انہیں کہی اور بتایا کہ وہ غیر متزلزل عزم کہ ہم نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

‎  وزیر اعظم نے کہا کہ  جنگ بندی ہو چکی ، اب ہم امن چاہتے ہیں ،ترقی اور خوشحالی چاہتے اور پاکستان کے اندر بے روز گاری کا خاتمہ اور سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔  وزیر اعظم نے کہاکہ   یہ ہماری دلی خواہش ہے کہ ہم عزت اور وقار کے ساتھ رہیں لیکن اس کیلئے کشمیر کا مسئلہ حل ہونا ایک بنیادی ستون ہے ۔  وزیر اعظم نے کہاکہ   اب وقت آ گیا ہے کہ  اسلامی دنیا کو آگے بڑھ کر امن کیلئے بات چیت کرنی چاہئے اور اپنا لوہا منوانا چاہئے ۔  وزیر اعظم نے کہا  کہ  پاکستان کے پاس  تیل اور گیس کے بہت کم  ذخائر ہیں ، ہمارا اثاثہ ہماری نوجوان نسل ہے اگر ہم اپنی نوجوان نسل کو بہترین تربیت اور علم سے آراستہ کریں گے تو یہ پاکستان اور اس کے پرچم کو  آسمانوں تک لے جائے گی کیونکہ صرف اور صرف محنت ہی وہ امر ہے جس سے قومیں بنتی ہیں  ، پاکستانی قومی عظیم قوم ہے اور اگر ہم یہ فیصلہ کرلیں کہ ہم نے غربت کا خاتمہ کرنا ہے تو جس طرح دشمن کے 6جہاز گرائے اسی طرح غربت کا خاتمہ بھی کر  کے دیکھائیں گے ۔

‎  وزیر اعظم نے کہا  کہ ہم ملکر وہ پالیسیاں بنا رہے ہیں کہ قرضوں سے نجات حاصل کریں گے ، سرمایہ کاری کو آگے لائیں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے جس کیلئے کچھ پالیسیاں اعلان ہو چکی اور کچھ ہو رہی ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا  کہ  سیاسی اور عسکری قیادت متفق ہے کہ ہم نے اس ملک کو عظیم بنانا ہے اور میرا یقین ہے کہ ہم کر کے دیکھائیں گے ۔