صوابی،22 ستمبر(اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے صوابی میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (KORT) کے جدید کمپلیکس کا دورہ کیا اور یتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے یتیم بچوں کو وہ سہولیات فراہم کی ہیں جن کا وہ تصور بھی نہیں کرسکتے تھے۔ یہ ادارہ ایک سیون اسٹار فلاحی ماڈل بن چکا ہے۔
انہوں نے چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کارخیر میں جس نے بھی حصہ ڈالا ہے وہ قابل تعریف ہےاور ان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں -انجینئرامیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قائداعظم کا یہی فرمان اس رشتے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس آرفن ٹرسٹ KORT کا “کشمیر” کے ساتھ وابستہ ہونا اس کے مقصد اور نظریے کو مزید تقویت دیتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کہ یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچے کل کے پاکستان کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔











