لاہور 24 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ کے سینٹرل آفس کا دورہ کیا، اس موقع پر ہیڈ آف پریسبیٹیرین چرچ ڈاکٹر مجید ایبل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایجوکیشن بورڈ مسز ویڈا شاہین گل اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کینیڈ اکیڈمی کا بھی وزٹ کیا جہاں انہوں نے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں تعلیم میں بھرپور محنت کرنے کی تلقین کی۔ دورے کے دوران رمیش سنگھ اروڑہ کو ادارے کی تعلیمی خدمات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی مستقبل کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں قابلِ تحسین کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تعلیم دوستی وژن قابل ستائش ہے اور تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت پنجاب تمام اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ کینیڈ اکیڈمی معیار تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے اور پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ کے ادارے تعلیم کے فروغ میں سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی اور مذہبی اداروں کے ساتھ حکومت پنجاب کا تعاون لائقِ تحسین ہے۔











